Aaj News

اتوار, دسمبر 22, 2024  
20 Jumada Al-Akhirah 1446  

نئی تعیناتی کے بعد عاصم سلیم باجوہ کا سب سے اہم ٹاسک

شائع 29 اپريل 2020 08:20am
فائل فوٹو

اسلام آباد: سابق ڈی جی آئی ایس پی آر عاصم سلیم باجوہ کو وزیر اعظم کا معاون خصوصی برائے اطلاعات و نشریات تعینات کیا گیا۔

اسی حوالے سے جنگ اخبار کی رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ ابلاغی حکمت عملیوں کے ماہر وزیراعظم کے معاون خصوصی برائے اطلاعات و نشریات لیفٹیننٹ جنرل ریٹائرڈ عاصم سلیم باجوہ کا اہم ٹاسک مسئلہ کشمیر کو ہر فورم پر میڈیا کے ذریعے بھرپور طریقے سے اجاگر کرنا ہوگا۔

عاصم سلیم باجوہ نیو میڈیا، آن لائن میڈیا اور سوشل میڈیا ٹولز کو بھرپور طریقے سے استعمال کرنے اور کرانے کا فن بخوبی جانتے ہیں۔

انہوں نے ماضی میں فوج کے شعبہ تعلقات عامہ کو اپنے اپنے عروج تک پہنچایا اور یہ بات ضد عام ہے کہ یہ جنرل عاصم باجوہ ہی تھے جنہوں نے ٹویٹر پر فوج کے تعلقات عامہ کو تین ملین فالورز دیئے۔

ان کی تقرری سے حکومتی سوشل میڈیا ٹیم مستحکم اور متحرک ہوگی اور حکومت کے خلاف چلنے والی تمام مہموں کا بھرپور طریقے سے جواب دے گی۔

عاصم سلیم باجوہ جون 2012 سے دسمبر 2016 تک ڈی جی آئی ایس پی آر رہے۔

واضح رہے کہ وزیراعظم عمران خان نے اپنی کابینہ میں تبدیلی کرتے ہوئے لیفٹیننٹ جنرل (ر) عاصم سلیم باجوہ کو معاون خصو صی برائے اطلاعات و نشریات مقرر کرتے ہوئے ڈاکٹر فردوس عاشق اعوان کو معاون خصوصی کے عہدے سے ہٹا دیا ہے۔

کابینہ ڈویژن سے جاری نوٹیفکیشن کے مطابق وزیراعظم عمران خان نے اپنے خصوصی اختیارات استعمال کرتے ہوئے لیفٹیننٹ جنرل (ر) عاصم سلیم باجوہ کو معاون خصوصی برائے اطلاعات و نشریات تعینات کر دیا ہے۔

دوسرے نوٹیفکیشن میں وزیراعظم عمران خان نے ڈاکٹر فردوس عاشق اعوان کو معاون خصوصی اطلاعات و نشریات کے عہدے سے فوری طور پر ہٹا دیا ہے۔

وفاقی وزیر سائنس و ٹیکنالوجی فواد چوہدری نے اپنے ایک ٹویٹ میں کہا ہے کہ پروقار شخصیت کے مالک شبلی فراز کو نیا وزیر اطلاعات ونشریات اور عاصم سلیم باجوہ کو وزیر اعظم کا معاون خصوصی برائے اطلاعات و نشریات تعینات کر دیا گیا ہے۔

فواد چوہدری نے دونوں کیلئے نیک تمناؤں کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ دونوں مل کر ایک مضبوط ٹیم بنائیں گے۔